ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /  ای۔ ٹکٹ میں جعلسازی کے ذریعے منگلورو ایئر پورٹ پر غیر مجاز شخص کا داخلہ۔ ملزم گرفتار

 ای۔ ٹکٹ میں جعلسازی کے ذریعے منگلورو ایئر پورٹ پر غیر مجاز شخص کا داخلہ۔ ملزم گرفتار

Mon, 16 Sep 2019 13:41:24    S.O. News Service

منگلورو16/ستمبر (ایس او نیوز) مبینہ طور پر ای۔ ٹکٹ میں جعلسازی کرتے ہوئے اپنا نام داخل کرکے منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے اندر ایک غیر مجاز شخص کے داخل ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بعد سنٹرل انڈسٹریل سیکیوریٹی فورس کے افسران نے مذکورہ شخص کو حراست لے کر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

سی آئی ایس ایف کے افسر نے بتایا کہ 14ستمبر کو دوپہر 11.45بجے یہ معاملہ پیش آیا جب کاسرگوڈ کے رہنے والے عارف کوتھیکا نامی شخص ایئر پورٹ کی ’روانگی والی گیٹ‘(ڈپارچر) سے باہر نکلنے کی کوشش کررہاتھا۔ جب اسے روک کر پوچھ تاچھ کی گئی تو اس کے پاس ایک ای۔ٹکٹ بر آمدہوا جو اسپائس جیٹ کی SG59فلائٹ سے دبئی جانے کے لئے تھا۔ اس ٹکٹ میں اس کے 4رشتے داروں کے نام تھے جو دبئی روانہ ہونے والے تھے۔ مزید اس نے اس میں جعلسازی کے ذریع اپنا نام بھی شامل کرلیا تھا تاکہ گھرو الوں کو روانگی میں تعاون کرنے کے لئے گیٹ سے گزر کر اندرونی حصے میں جاسکے۔ پہلے میں مرحلے میں چیکنگ کے وقت اس نے ٹکٹ اور پاسپورٹ دکھا کر ٹرمنل میں داخل ہونے میں کامیابی حاصل کی۔ مگر گھروالوں کو سیکیوریٹی چیکنگ کے مرحلے پر چھوڑ کر جب وہ واپس گھر جانے کے لئے ڈپارچر گیٹ سے باہر نکلنے لگا تو سی آئی ایس ایف کے جوانوں نے اسے روک لیااور اس کی جعلسازی کاپول کھل گیا۔

سی آئی ایس ایف کے اس بیان کے برخلاف بجپے پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرنے بعد پولیس افسران نے بتایا کہ ملزم کے پاس واقعی سفر کا اصلی ٹکٹ تھا، مگر عین وقت پر اس کا ٹکٹ کینسل کردیاگیا تھااور اس نے گیٹ پر وہی ٹکٹ دکھایا تھا جس میں اس کا نام شامل تھا۔
 


Share: